7 سال بعد بابر اعظم کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی مایوس کن، صرف 12 رنز بنا سکے

ایبٹ آباد: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی 7 سال کے طویل عرصے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی مایوس کن ثابت ہوئی، وہ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ میں صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) اور خان ریسرچ لیبارٹریز (KRL) کے درمیان جاری میچ کے دوران OGDCL کی نمائندگی کرنے والے بابر اعظم نے 20 گیندوں کا سامنا کیا۔ وہ KRL کے فاسٹ بولر ارشد اقبال کے ایک تیز باؤنسر پر شارٹ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے آخری بار 7 سال قبل قائداعظم ٹرافی میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا۔ دسمبر 2022ء کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے میں ناکام رہنے والے بابر اعظم سے اس ریڈ بال میچ میں بڑی اننگز کی امیدیں وابستہ تھیں، تاہم جلد آؤٹ ہونے سے شائقین کا انتظار مزید طویل ہو گیا ہے۔