جیمینائی اے آئی کا خودکار کارنامہ: ٹیسٹ کے دوران انٹرنیٹ معلومات استعمال کر کے 3 ویب سائٹس تک رسائی حاصل کر لی

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مصنوعی ذہانت پر مبنی ماڈل ’جیمینائی‘ (Gemini) نے سائبر سکیورٹی صلاحیتوں کے ایک ٹیسٹ کے دوران انٹرنیٹ پر موجود معلومات کا استعمال کرتے ہوئے خودکار طور پر 3 ویب سائٹس تک رسائی حاصل کر لی۔ گوگل کے اے آئی سسٹم کی جانب سے خودکار طریقے سے اس نوعیت کی کارروائی کرنے کی یہ پہلی معروف مثال قرار دی جا رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ رواں برس مئی میں آزاد سائبر سکیورٹی ادارے ’اِرریگولر‘ (Irregular) کے ایک جائزے کے دوران پیش آیا۔ ٹیسٹ کے دوران جیمینائی نے آن لائن دستیاب ڈیٹا کی تلاش کی اور اندازے سے حاصل کیے گئے کریڈینشئلز (Credentials) کی مدد سے ان تین ویب سائٹس میں لاگ ان کیا جنہیں اس نے اپنے ٹیسٹ کے دائرہ کار میں سمجھا۔

گوگل کی سکیورٹی انجینئرنگ کی نائب صدر ہیدر ایڈکنز نے بتایا کہ متاثرہ تینوں اداروں کو جولائی کے آخر میں اس واقعے سے آگاہ کر دیا گیا تھا اور ٹریننگ پارٹنر کے ساتھ مل کر ٹیسٹنگ کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ طاقتور اے آئی ماڈلز کو ذمہ دارانہ انداز میں کام کرنے کی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اِرریگولر کے ترجمان کے مطابق اس حوالے سے نشاندہی کیے گئے تمام مسائل کو حل کر لیا گیا ہے۔