ایران سے متعلق بڑا فیصلہ کرنے کا وقت آ گیا: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا ایران کشیدگی سے متعلق فیصلہ کن مرحلے پر پہنچ چکے ہیں اور خطے میں بڑی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں کیونکہ ایران سے متعلق بڑے اور اہم فیصلوں کا وقت آ گیا ہے۔

امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے ایران کو شدید نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے 3 ممکنہ آپشنز پیش کیے، جن میں ایران کو مکمل طور پر تباہ کرنا، اس کی معیشت کو برباد کرنا یا پھر فریقین کے درمیان نیا معاہدہ طے پانا شامل ہے۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ ایران کو اپنا رویہ اور طرزِ عمل فوری درست کرنا ہوگا۔

سخت موقف کے ساتھ ساتھ صدر ٹرمپ نے سفارتی راستے کھلے رکھنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ان کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کا غالب امکان موجود ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے حال ہی میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ان کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کو نیویارک آنے کے لیے ویزے جاری کیے ہیں، جہاں ایرانی صدر عالمی برادری کے سامنے اپنا موقف پیش کریں گے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔