27 ستمبر کو ہر صورت اسلام آباد کے لیے نکلیں گے، احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا: وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 27 ستمبر کو ہر صورت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرے گی اور ان سے احتجاج کا آئینی حق کوئی نہیں چھین سکتا۔
پشاور کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور سابق اسپیکر اسد قیصر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے انتشاری سیاست کے الزامات کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے تمام آئینی، قانونی اور جمہوری آپشنز استعمال کیے اور پارلیمنٹ سمیت عدالتوں میں آواز اٹھائی، لیکن کہیں بھی شنوائی نہیں ہوئی۔
عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی اور عمران خان کی بہنوں، وزراء اور کارکنان کو گرفتار کر کے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم یہ تحریک اب رکنے والی نہیں اور 25 ستمبر کو لانگ مارچ کی تمام تر تفصیلات اور حتمی پلان جاری کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے واضح کیا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان بالکل پُرامن طریقے سے اسلام آباد جائیں گے اور قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے۔
انہوں نے حکومتی بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا سیاسی رہنما دہشت گرد ہیں جو ان سے دہشت گردوں جیسا سلوک کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں؟ علاوہ ازیں اسد قیصر نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی ملک کی تمام جمہوری جماعتوں کو اکٹھا کرنے کے لیے جلد ایک آل پارٹیز کانفرنس (APC) بھی بلائے گی۔

