خیبر پختونخوا اور پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 37 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور پاک افغان سرحدی علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی ‘فتنۃ الخوارج’ کے خلاف مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 37 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے اہم ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق صوبے میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور ٹل کے علاقوں میں زمینی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 9 خوارج ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب پاک افغان سرحدی علاقے میں قابلِ اعتماد اطلاعات پر کی گئی فضائی کارروائیوں میں خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز سمیت 3 اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد مارے گئے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود تباہ کر دیا گیا۔

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ افغان سرزمین کا دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا شدید باعثِ تشویش ہے، اور یہ تمام اقدامات ‘عزمِ استحکام’ کے وژن اور انسدادِ دہشت گردی مہم ‘غضب لِلحق’ کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی حملوں میں افغان صوبوں کنڑ اور پکتیکا میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس میں 3 شہری جاں بحق ہوئے اور انہوں نے جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔