اسلام آباد پر دھاوا بولا تو اس بار مستقل حل نکالیں گے، پی ٹی آئی کو وزیر داخلہ محسن نقوی کی وارننگ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوشش کی گئی تو اس بار حکومت مکمل تیاری کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹے گی اور اس مسئلے کا مستقل حل نکالے گی۔

لاہور اور اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے جس پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے "اسلام آباد کو سومنات بنانے” کے بیان اور دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی بڑھکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اس بار حکومت کوئی لوپ ہول نہیں چھوڑے گی اور ملک کو 10 یا 20 روز کے لیے بند نہیں ہونے دیا جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی علاج سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے بتایا کہ گزشتہ رات بھی ان کا تفصیلی میڈیکل چیک اپ ہوا ہے اور انہیں قانون کے مطابق تمام سہولیات دی جا رہی ہیں۔

خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پشاور میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے جوانوں کے جنازے میں کے پی کے کسی وزیر نے شرکت نہیں کی جو بے حسی کی انتہا ہے۔

علاوہ ازیں، ملک میں نئے صوبوں کے قیام پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ اس تحریک کا معاملہ توقع سے بھی زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور وہ نئے صوبے بننے کے حوالے سے شدید پُرامید ہیں۔