مسئلہ فنڈز کا نہیں نیت کا ہے، سہیل آفریدی ڈیلیور نہیں کر سکتے تو گھر چلے جائیں: عطاء اللہ تارڑ

کوہاٹ: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی اور پی ٹی آئی کے متوقع لانگ مارچ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا مسئلہ وسائل یا فنڈز کی کمی کا نہیں بلکہ نیت کا ہے، اگر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے صوبہ نہیں سنبھالتا اور وہ ڈیلیور نہیں کر سکتے تو انہیں گھر چلے جانا چاہیے۔

کوہاٹ میں پولیس لائنز دھماکے کے شہدا کے لواحقین اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لا اینڈ آرڈر اور ترقیاتی کاموں کے لیے مختص اربوں روپے کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟

انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے کے قدرتی وسائل، مائننگ، گولڈ مائننگ، ٹمبر اور تمباکو کے ٹھیکے من پسند افراد کو دیے جا رہے ہیں اور اربوں روپے کی ٹیکس چوری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ سانحے کے وقت وہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے لاہور میں موجود تھے اور بعد میں صرف 15 منٹ کے لیے ہیلی کاپٹر پر آ کر واپس چلے گئے۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ مسلح جتھوں کو کسی صورت اسلام آباد کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی دارالحکومت کو بند کرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج کبھی پُرامن نہیں رہا، وہ گھروں سے کیل لگے ڈنڈے لے کر نکلتے ہیں جس سے ملک و معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے 6 بار مذاکرات کی پیشکش کے باوجود پی ٹی آئی نے غیر سیاسی رویہ اختیار کیا، تاہم اب ان سے تمام وسائل اور ٹھیکوں کا حساب لیا جائے گا۔