ڈھاکہ: بنگلہ دیشی فوج نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائے جانے والے بغاوت کے جھوٹے دعووں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔
بنگلہ دیشی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ بھارتی میڈیا پر فوج میں بغاوت سے متعلق خبریں مکمل طور پر غلط اور گمراہ کن ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک منظم سازش کا حصہ ہیں، جس کا مقصد بنگلہ دیش اور اس کی مسلح افواج کے استحکام اور ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بنگلہ دیشی فوج ایک منظم، متحد اور مستحکم ادارہ ہے جو چیف آف آرمی اسٹاف کی قیادت میں اپنے آئینی فرائض کی مکمل پاسداری کر رہا ہے۔ چین آف کمانڈ مکمل طور پر فعال ہے اور سینیئر جنرلز سمیت پوری فوج آئین، قیادت اور بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ مکمل وفاداری میں غیر متزلزل ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بنگلہ دیشی فوج میں بغاوت کے آثار پائے جا رہے ہیں اور جنرل فیض الرحمان کو مبینہ طور پر نظر بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم، بنگلہ دیشی فوج نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض الرحمان بنگلہ دیشی فوج میں بطور کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی بغاوت یا غیر آئینی سرگرمی میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔
بنگلہ دیشی فوج نے بھارتی میڈیا پر الزام عائد کیا کہ وہ جھوٹی خبروں کے ذریعے عوام میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور بنگلہ دیش کی فوج کو متنازع بنانے کے لیے غلط معلومات پھیلا رہا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایسے بے بنیاد دعوے صرف پاک-بنگلہ دیش تعلقات خراب کرنے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہیں، جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

