پاکستان کے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

کراچی: یورو بانڈز کے 3 ارب ڈالر سے زائد کے انفلوز کی موصولی کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 21 ارب 39 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں، جو کہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 11 ستمبر 2026ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران انٹرنیشنل مارکیٹ میں جاری کردہ یورو بانڈز کی مد میں 3 ارب 6 کروڑ ڈالر موصول ہوئے، جس سے سرکاری ذخائر تین ماہ کی درآمدات کی ضروریات پوری کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔

کمرشل بینکوں کے پاس موجود 5 ارب 40 کروڑ 22 لاکھ ڈالر شامل کرنے کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 26 ارب 79 کروڑ 12 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔ اس سے قبل اگست 2021ء میں سرکاری ذخائر کی بلند ترین سطح 21 ارب 14 کروڑ 56 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔