خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 10 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید

راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران ‘فتنہ الخوارج’ کے 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، جبکہ ضلع ہنگو میں ایک اور مقابلے کے دوران مزید 4 خوارج مارے گئے۔

17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دیسی ساختہ بم (IED) کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 جوان شہید ہو گئے۔ ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تمام کارروائیاں آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت کی جا رہی ہیں اور علاقے کو پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 10 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔