ٹرمپ انتظامیہ نے ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کو یو این جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے ویزے جاری کر دیے

واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر ایرانی حکام کے ویزے منظور کر لیے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے لیے ایرانی وفد اور ضروری اسٹاف کو ویزے جاری کیے گئے ہیں، تاہم اس بار وفد کی تعداد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کافی مختصر ہے۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ میزبان ملک کے طور پر اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کی گئی ہیں لیکن ایرانی وفد پر مخصوص سفری پابندیاں اور کچھ امریکی مصنوعات کی خریداری پر رکاوٹیں برقرار رہیں گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ کو سات ماہ ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب، رپورٹ کے مطابق امریکا نے فلسطینی صدر محمود عباس کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کا 81 واں اجلاس نیویارک میں 28 ستمبر تک جاری رہے گا۔