اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں بجلی چوری کی روک تھام اور لوڈ مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے پورے فیڈرز کے بجائے صرف ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی بند کرنے کا نیا اور جدید نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بتایا کہ حکومت 1 لاکھ 90 ہزار ٹرانسفارمرز پر ‘آن آف’ سسٹم نصب کر رہی ہے۔
اس نئے نظام کے تحت جس مخصوص ٹرانسفارمر پر بجلی چوری یا زیادہ لائن لاسز ہوں گے، صرف اسی کی بجلی منقطع کی جائے گی اور پورا فیڈر بند کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
اس اقدام سے ایماندار اور بل ادا کرنے والے صارفین بلاتعطل بجلی کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ وزیر توانائی نے بتایا کہ اس سسٹم کا ریگولیٹری فریم ورک آئندہ سال اپریل یا مئی تک فراہم کر دیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر توانائی نے ڈسکوز (DISCOs) کے عملے کی بدعنوانی اور ناقص انفراسٹرکچر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عملہ رشوت لے کر سسٹم پر کم لوڈ درج کرتا ہے جس سے نیٹ ورک تباہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈسکوز کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور بہتری کے لیے 200 ارب روپے کی سرمایہ کاری درکار ہے جو آئندہ 25 سالوں کے دوران صارفین سے وصول کی جائے گی۔

