ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری طیارے کے استعمال پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے استعمال کیے گئے جہاز کے پونے 3 کروڑ روپے کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے ہیں اور وہ صرف عوام کو جوابدہ ہیں، کسی ولاگر یا یوٹیوبر کو نہیں۔
ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ طیارہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سرکاری سہولت ہے جو چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس موجود ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کام کرتی ہیں اسی لیے ان پر تنقید کی جاتی ہے۔ تقریب کے دوران انہوں نے اعلان کیا کہ ملتان میں 60 گرین بسوں سے آغاز کیا جا رہا ہے اور جلد یہ تعداد 160 ہو جائے گی، جبکہ بس کا کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے اور خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے سفر بالکل مفت ہو گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کی جدید پیٹ سکین (PET Scan) مشین سے لیس کینسر اسپتال کا بھی افتتاح کیا اور اعلان کیا کہ اگلے 12 ماہ میں صوبے کے ہر ڈویژن میں کینسر اسپتال قائم کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ انہوں نے طلبہ کے لیے ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی، ’اپنی چھت اپنا گھر‘ اسکیم کے تحت 5 لاکھ گھروں کے ہدف اور ملتان ویہاڑی روڈ کی 35 ارب روپے کی لاگت سے 1 سال میں مکمل ہونے والی تعمیر کا ذکر بھی کیا۔

