حرمین کے تحفظ کیلئے ہر پاکستانی سعودی عرب کے ساتھ ہے: مولانا فضل الرحمان

کراچی: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ اور دفاع کے لیے ہر پاکستانی اور بچہ بچہ اپنی جانیں دینے کو تیار ہے اور اس سلسلے میں پورا پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

کراچی کی شاہراہِ قائدین پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیرِ اہتمام ‘تحفظ ختم نبوت کانفرنس’ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 52 سال قبل قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر عقیدہ ختم نبوت اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کا تحفظ کیا تھا۔

عالمی قوتوں اور ملکی مقتدرہ کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ہم پر اپنا خود ساختہ ایجنڈا مسلط نہ کریں کیونکہ یہ فکری اور نظریاتی جنگ ہے۔ انہوں نے یمن سے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلم ممالک پر مظالم کے بعد اب کچھ قوتوں کو سعودی عرب کے خلاف ابھارا جا رہا ہے۔

ملکی اور معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں بدامنی کی فضا ہے جبکہ پیٹرول اور مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

انہوں نے دھاندلی زدہ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے شفاف الیکشن اور سودی نظام کے خاتمے کا مطالبہ کیا، اور اداروں سے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلی کانفرنس 15 اکتوبر کو ملتان میں منعقد کی جائے گی۔