کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کلعدم تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان بھر میں دہشت گردوں کے قلع قمع کے لیے ’آپریشن ردالفتنہ 3‘ کے تحت کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں فورسز نے ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فورسز کی مسلسل کارروائیوں کے باعث دہشت گرد گروپوں کو شدید مالی و جانی نقصان کا سامنا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آواران میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن کے قیام، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

