حکومت کا 3 ماہ کے لیے سخت کفایت شعاری مہم کا اعلان

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 3 ماہ کے لیے سخت کفایت شعاری اور ایندھن بچت مہم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ احکامات کے مطابق اسلام آباد میں تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے، شادی ہالز اور مارکیز رات 10 بجے جبکہ تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند کرنے کے پابند ہوں گے۔

تاہم فارمیسیز، اسپتال، پٹرول پمپس، تندور، بیکریز، ڈیری شاپس، ہوم ڈیلیوری سروسز، جم اور آئی ٹی کمپنیاں ان اوقاتِ کار سے مستثنیٰ ہوں گی۔ شادی کی تقریبات کے لیے صرف سنگل ڈش کی اجازت دی گئی ہے۔

حکومتی سطح پر ایندھن اور اخراجات کم کرنے کے لیے سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کوٹے میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ 50 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کی جائیں گی۔

تمام نئی گاڑیوں اور پائیدار اشیا (آئی ٹی آلات کے علاوہ) کی خریداری، سرکاری عشائیوں، کانفرنسز اور 3 ماہ کے لیے بیرونِ ملک دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ناگزیر سفر کی صورت میں وزرا اور افسران صرف اکانومی کلاس میں سفر کریں گے اور اجلاس ترجیحاً ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوں گے۔ حکومت نے صوبائی انتظامیہ کو بھی انہی خطوط پر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔