دبئی: میٹا نے اپنے چاروں نمایاں پلیٹ فارمز — فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میٹا اے آئی — کے لیے ایک نئی مشترکہ سبسکرپشن سروس ’میٹا ون‘ متعارف کرا دی ہے۔ اس سروس کا مقصد انفرادی صارفین، کریئیٹرز اور کاروباری اداروں کو 50 سے زائد جدید ایڈوانسڈ فیچرز اور پروفیشنل ٹولز ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس سروس کا بنیادی مقصد پہلے سے موجود انسٹاگرام پلس، فیس بک پلس اور واٹس ایپ پلس کو یکجا کرنا ہے، جن کے صارفین کی تعداد پہلے ہی ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ ’میٹا ون‘ کے تحت صارفین کو اے آئی کی مدد سے تصاویر اور ویڈیوز کی تیاری سمیت اضافی اسٹوریج اور چیٹس کو میوٹ یا چھپانے کے لیے ’فوکس شیڈولز‘ جیسے ٹولز ملیں گے۔
قیمتوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اگر کریئیٹرز تینوں سروسز کا مشترکہ بنڈل حاصل کرنا چاہیں تو ماہانہ فیس 1,750 روپے سے شروع ہوگی، جبکہ کسی ایک انفرادی سروس (مثلاً فیس بک پلس) کے لیے ماہانہ فیس 299 روپے مقرر کی گئی ہے۔ میٹا نے واضح کیا ہے کہ تمام ایپس کی بنیادی خدمات بدستور مفت دستیاب رہیں گی اور یہ پیڈ پلانز صرف اضافی و پیشرفتہ فیچرز کے خواہش مند صارفین کے لیے ہیں۔

