چین نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے بیان میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے اور ایسے حملوں کے خلاف مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ چینی وزارت خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کی سیکیورٹی کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاک فوج کے بہادر جوانوں نے بروقت آپریشن کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اور 190 سے زائد یرغمالی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔ چین کا یہ موقف اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے عالمی برادری کو متحرک ہونا ہوگا۔

