برمنگھم: ایجبسٹن میں کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 453 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 320 رنز کی بھاری برتری حاصل کر لی ہے۔
جواب میں دوسری اننگز کے آغاز پر ہی قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی ہے اور بارش کے باعث کھیل روکے جانے تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لیے ہیں۔
انگلینڈ نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو انگلش بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔ ہیری بروک 75، جیمی اسمتھ 69، ڈین لارنس 65 اور اولی رابنسن 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر رضا اللہ نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمران اور محمد علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
320 رنز کے خسارے کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان کا دوسری اننگز کا آغاز بھی انتہائی مایوس کن رہا۔ اوپنر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق دونوں بغیر کوئی رن بنائے اولی رابنسن کا شکار بن کر پویلین لوٹ گئے۔
تاہم اس کے بعد اذان اویس (29) اور شان مسعود (21) نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور اسکور 52 رنز تک پہنچایا جس کے بعد شدید بارش کے باعث دوسرے روز کے کھیل کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی مزید 268 رنز درکار ہیں۔

