پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے علاقے ارمڑ میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم ‘داعش خراسان’ (ISKP) کے انتہائی مطلوب کمانڈر سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پشاور ریجن کی ٹیموں کو اطلاع ملی تھی کہ شمشتو کیمپ کے قریب ایک کمپاؤنڈ میں دہشت گرد حساس اداروں، امام بارگاہوں اور چرچز پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
سی ٹی ڈی فورسز نے ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے کمپاؤنڈ کا محاصرہ کیا تو اندر موجود دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد موقع پر مارے گئے۔ ہلاک شدگان کے قبضے سے ایس ایم جی، پستول، ہینڈ گرینیڈز اور آئی ای ڈیز برآمد کی گئی ہیں۔
ہلاک ہونے والے ایک اہم دہشت گرد کی شناخت عمران دلاور خان (عرف ابو بکر/عبداللہ) کے نام سے ہوئی ہے جس کے سر پر حکومت کی جانب سے 1 کروڑ 20 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔
عمران دلاور 20 مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا اور وہ باجوڑ میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن دھماکے، اسلام آباد کے علاقے ترلئی میں 6 فروری 2026 کو امام بارگاہ پر خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ ہونے کے علاوہ سینیٹر ہدایت اللہ اور مولانا خانزیب کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔
دوسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت شاہد اللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ باقی تین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ آی جی پولیس خیبرپختونخوا نے سی ٹی ڈی جوانوں کی اس کامیابی اور بہترین حکمت عملی کو سراہا ہے۔

