الجزائر نے متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے، اماراتی سفیر کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت

الجزائر: الجزائر نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر ملکی اور علاقائی امور میں مسلسل مداخلت اور دشمنانہ اقدامات کا الزام عائد کرتے ہوئے امارات کے ساتھ اپنے 51 سالہ طویل سفارتی تعلقات کو منقطع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

الجزائر کی وزارتِ خارجہ کے مطابق دوطرفہ تعلقات قائم رکھنے کی تمام تر سفارتی کوششیں اور ذرائع ناکام ہونے کے بعد 10 ستمبر 2026 کو یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے دارالحکومت میں تعینات اماراتی سفیر کو وزارتِ خارجہ طلب کر کے فیصلے سے باضابطہ آگاہ کیا اور انہیں 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی۔ مزید برآں، ذرائع کے مطابق الجزائر نے اماراتی فوجی و شہری طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

الجزائری صدر عبدالمجید تبون ماضی میں بھی امارات کا نام لیے بغیر اسے خطے کو غیر مستحکم کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے رہے ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے الجزائر کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای تمام ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور الجزائری عوام کے ساتھ تاریخی روابط کا احترام کرتا ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ فیصلہ عارضی ثابت ہوگا۔