کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور برآمدات کا فروغ اولین ترجیح ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تجارت کے فروغ، کاروباری لاگت میں کمی اور تاجر برادری کو سہولیات کی فراہم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ پاکستان کو عالمی اور علاقائی سپلائی چینز کا مؤثر حصہ بنایا جا سکے۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت ‘ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ’ کا پہلا اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں برآمدات کے فروغ، پورٹس پر غیر ضروری تاخیر کے خاتمے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بڑی بندرگاہوں پر تمام متعلقہ ادارے سنگل ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کریں اور کارگو کلیئرنس کے عمل کو تیز بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور رسک مینجمنٹ سسٹم سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے صرف ہائی رسک کارگو کی تفصیلی تفتیش اور براہِ راست شپنگ لائنز لانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے بندرگاہوں کے لیے ‘ٹائم ریلیز آٹومیٹڈ سسٹم’ کے اہداف کی منظوری دی، جس کے تحت رواں مالی سال کے اختتام تک 30 فیصد پری ارائیول کلیئرنس اور گرین چینل کے حصے کو 65 فیصد تک بڑھانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ قومی تجارتی کارکردگی انڈیکس کی تشکیل اور نان ٹیرف اقدامات کے آڈٹ کے لیے ایک ورکنگ گروپ بھی منظور کیا گیا جو ایک ماہ کے اندر اپنی حتمی روڈ میپ رپورٹ پیش کرے گا۔