اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے اہم اور حساس معاملے پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بحث کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور و کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ ستمبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس منعقد نہیں ہو رہے، تاہم اکتوبر میں ہونے والے پارلیمانی اجلاسوں کے دوران نئے صوبوں کے قیام پر تفصیلی بحث کرائی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں لیکن اس جیسے اہم قومی معاملے پر بات چیت کا اصل اور آئینی فورم پارلیمنٹ ہاؤس ہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے انتظامی ڈھانچے پر وضاحت دیتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے ان خبروں کی تردید کی کہ اسلام آباد کو الگ صوبہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو صوبہ بنانے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں، بلکہ شہر کو ایک نئے اور جدید گورننس ماڈل کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ انتظامی بہتری کے لیے اسلام آباد میں بلدیاتی نظام کی جگہ 27 رکنی اسمبلی اور چیف ایگزیکٹو (وزیراعلیٰ یا میئر) جیسے نئے مقامی حکومتی ماڈل پر تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔

