وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) اسلام آباد نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی، احتجاج اور مبینہ توڑ پھوڑ کے مقدمات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، صوبائی وزراء اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ نمبر 714 اور تھانہ رمنا میں درج مقدمے پر سماعت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے 8 رہنماؤں کے وارنٹ جاری کیے۔

جن رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی، ایم این ایز شاہد خٹک، مولانا نسیم علی شاہ، عامر ڈوگر، عاطف خان، اقبال آفریدی کے علاوہ صوبائی وزیرِ تعلیم مینا خان آفریدی، ڈاکٹر امجد اور صوبائی وزیرِ اطلاعات شفیع جان شامل ہیں۔ عدالت نے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے جلد از جلد عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ تمام مقدمات نومبر 2024 کے دوران اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج، ڈی چوک پیش قدمی، اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت درج کیے گئے تھے۔ عدالتی احکامات کی یہ اہم پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں بانی عمران خان کی رہائی اور آئین کی بالادستی کے لیے ایک اور ملک گیر احتجاجی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

دوسری جانب، شاہراہِ دستور پر احتجاج سے متعلق تھانہ سیکرٹریٹ کے ایک دیگر مقدمے میں عدالت نے گرفتار 4 پی ٹی آئی کارکنان کو شناخت پریڈ کے لیے اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔