راولپنڈی: پاک فوج کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرست یافتہ 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو انجام دی جانے والی ان کارروائیوں کے دوران خاران میں دہشت گردوں کی سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع واشک میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو کامیابی سے تباہ کرتے ہوئے مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشنز کے دوران فورسز نے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا جسے آئی ای ڈیز اور دیسی ساختہ بم بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے پیشِ نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور آپریشن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونیوالی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کو دہرایا ہے۔

