کیلیفورنیا: میٹا کی ملکیت والی معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے پرانے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے لیے اپنی سپورٹ ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد اینڈرائیڈ 5 اور 5.1 پر چلنے والے تقریباً 10 یا 11 سال پرانے فونز پر واٹس ایپ کا استعمال ناممکن ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ 6.0 سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والی تمام ڈیوائسز کے لیے سپورٹ ختم کی جا رہی ہے۔ کمپنی کے اس اقدام کے بعد صارفین کے لیے 8 ستمبر کے بعد صرف اینڈرائیڈ 6 یا اس سے جدید ورژنز پر ہی ایپ چلانا ممکن ہو سکے گا۔
میٹا کے مطابق واٹس ایپ میں جدید ترین پرائیویسی، سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں جن کے لیے جدید ہارڈ ویئر اور اپ ڈیٹڈ آپریٹنگ سسٹم کا ہونا ضروری ہے۔
کمپنی نے پرانے اینڈرائیڈ فونز کے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے فون کا آپریٹنگ سسٹم چیک کریں اور اگر ڈیوائس جدید ورژن کو سپورٹ نہیں کرتی تو واٹس ایپ کا استعمال جاری رکھنے اور اپنی چیٹ ہسٹری و میڈیا محفوظ رکھنے کے لیے بروقت ڈیٹا کو نئی ڈیوائس پر منتقل کر لیں۔

