کوک اسٹوڈیو کے گانے ’پسوری‘ نے یوٹیوب پر 1 ارب ویوز کا ہندسہ عبور کر لیا

لاہور: پاکستانی موسیقی کی تاریخ میں نیا باب رقم کرتے ہوئے کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے عالمگیر شہرت یافتہ گانے ’پسوری‘ نے یوٹیوب پر 1 ارب (1 Billion) ویوز کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والا پاکستان میں تیار ہونے والا پہلا میوزک ویڈیو بن گیا ہے۔

کوک اسٹوڈیو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پیج کے ذریعے اس شاندار کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے دنیا بھر میں موجود مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شیئر کی گئی خصوصی ویڈیو ریل میں گلوکار علی سیٹھی، شائے گل اور میوزک پروڈیوسرز ذوالفقار (زلفی) خان اور عبداللہ صدیقی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سامعین کی محبت کا اعتراف کیا۔

واضح رہے کہ 7 فروری 2022 کو ریلیز ہونے والے اس گانے نے ساڑھے چار سال کے قلیل عرصے میں یہ مقام حاصل کیا۔ ‘پسوری’ صرف یوٹیوب ہی نہیں بلکہ میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹی فائی (Spotify) پر بھی 405 ملین سے زائد اسٹریمنگز کے ساتھ سب سے زیادہ سنے جانے والے پاکستانی گانوں میں شامل ہے۔

اس گانے کو ڈزنی کی عالمی سیریز ’مس مارول‘ کے ساؤنڈ ٹریک میں بھی شامل کیا گیا تھا جبکہ بالی ووڈ میں اریجیت سنگھ کی آواز میں اس کا ری میک بھی بنایا گیا تھا۔