اوپن اے آئی نے اپنا سب سے طاقتور اور جدید ترین AI ماڈل ’GPT-6 Astra‘ متعارف کرا دیا

سان فرانسسکو: آرٹی فیشل انٹیلی جنس (AI) کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اپنا سب سے طاقتور اور ایڈوانسڈ فلیگ شپ ماڈل ’GPT-6 Astra‘ باقاعدہ طور پر متعارف کرا دیا ہے، جسے آرٹی فیشل جنرل انٹیلی جنس (AGI) کی سمت میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق GPT-6 Astra کی پری ٹریننگ کے لیے ٹیکساس میں واقع ‘Stargate’ تنصیب پر ایک لاکھ سے زائد GPUs استعمال کیے گئے ہیں، جو کہ اب تک کی سب سے بڑی کمپیوٹنگ کارروائی ہے۔

یہ نیا ماڈل صرف سوالات کا جواب دینے تک محدود نہیں بلکہ ویب براؤزنگ، کوڈنگ، قانونی معاہدے تیار کرنے، سافٹ ویئر انجینئرنگ، سائنسی تحقیق اور پیچیدہ ورک فلو جیسے امور کو خودکار طریقے سے کئی مراحل میں انجام دے سکتا ہے۔

اوپن اے آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹرا نے کارکردگی میں گوگل کے جیمینائی اور اینتھروپک کے کلاؤڈ جیسے دیگر ماڈلز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

جدید صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ GPT-6 Astra سائبر سیکیورٹی میں بھی کافی ایڈوانس ہو چکا ہے اور یہ نامعلوم سیکیورٹی کمزوریوں کو خودکار طور پر شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اسی پیشرفت کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی نے ماڈل میں زیادہ مضبوط حفاظتی اقدامات اور جدید ترین جیل بریک تحفظ شامل کیا ہے تاکہ اس کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ GPT-6 Astra کو کمپنی کی API کے علاوہ ChatGPT Plus, Pro, Business اور Enterprise صارفین کے لیے بھی دستیاب کیا جا رہا ہے۔