منشیات کیس میں مصر کی معروف ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ سمیت 12 افراد کو سزائے موت

قاہرہ: مصر کی فوجداری عدالت نے منشیات کی تیاری، اسمگلنگ اور منظم مجرمانہ نیٹ ورک چلانے کے مقدمے میں معروف ٹی وی اینکر سارہ خلیفہ سمیت 12 ملزمان کو پھانسی کی سزا سنا دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 39 سالہ ٹی وی میزبان سارہ خلیفہ اور ان کے 11 ساتھیوں پر بیرونی ممالک سے خام مال در آمد کر کے منشیات تیار کرنے، فروخت کرنے، ایک منظم گروہ تشکیل دینے اور بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہوا ہے۔

کارروائی کے دوران حکام نے 750 کلو گرام سے زائد منشیات اور خام مال قبضے میں لینے کے علاوہ خفیہ لیبارٹریز کے طور پر استعمال ہونے والے 2 اپارٹمنٹس بھی برآمد کیے تھے۔

مصری قانون کے مطابق سزائے موت کے اس حتمی فیصلے سے قبل مفتی اعظم مصر سے شرعی رائے حاصل کی گئی تھی۔ تاہم، سارہ خلیفہ نے تمام الزامات کی تردید کی ہے اور ملزمان کے پاس عدالتِ عالیہ (کورٹ آف کیسیشن) میں اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا قانونی حق موجود ہے۔

اس کے علاوہ عدالت نے سارہ خلیفہ اور دیگر کو ایک نوجوان کے اغوا اور تشدد کے الگ کیس میں 5 سال قید کی سزا بھی سنائی ہے۔