خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 خوارج ہلاک

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ ’فتنہ الخوارج‘ کے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دراندازی کی کوشش کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 3 سے 5 ستمبر کے دوران شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش پر کی گئی کارروائی کے بعد علاقے میں چھپے مزید 10 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جبکہ ایک اور جھڑپ میں 7 خوارج مارے گئے۔

علاوہ ازیں کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی مشترکہ آپریشنز کے دوران مزید 4 خارجی ہلاک کیے گئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے اور سرحدی انتظام کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

رہنماؤ ں نے واضح کیا کہ بیرونی پشت پناہی سے جاری دہشت گردی کا وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔