واشنگٹن: دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے معروف اور بڑے ماڈلز کی سروسز بیک وقت معطل ہو گئیں، جس سے کروڑوں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انٹرنیٹ سروسز اور ویب سائٹس کی بندش پر نظر رکھنے والے ادارے ‘ڈاؤن ڈٹیکٹر’ کے مطابق اوپن اے آئی کے ‘چیٹ جی پی ٹی’، انتھروپک کے ‘کلاڈ’ اور ایکس اے آئی کے ‘گروک’ کی سروسز میں بڑے پیمانے پر تعطل دیکھا گیا۔
اس کے علاوہ گوگل جیمینائی کی سروسز میں بھی جزوی خلل کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ماہرین اور امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انفرادی طور پر سروسز کا متاثر ہونا معمول کی بات ہے، لیکن تمام بڑے اے آئی سسٹمز کا ایک ساتھ غیر فعال ہونا ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔
کمپنیوں کے ڈیش بورڈز کے مطابق کلاڈ کے ماڈلز ’اوپس 4.8‘ اور ’اوپس 5‘ جبکہ اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اور کوڈیکس کو مسلسل تکنیکی مسائل اور ‘ایررز’ کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان تمام اے آئی ماڈلز کو بنیادی کلاؤڈ انفرااسٹرکچر فراہم کرنے والا پلیٹ فارم ‘مائیکروسافٹ ایژر’ (Microsoft Azure) بھی اس وقت ڈاؤن ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایژر کی کلاؤڈ سروسز میں پیدا ہونے والی خرابی ہی تمام اے آئی ماڈلز کی بیک وقت معطلی کی بنیادی وجہ ہے۔

