سسرال نے کوئی پابندی نہیں لگائی، کیمرے سے دور رہنے کا فیصلہ اپنا ہے: رمشا خان

کراچی: پاکستانی اداکارہ رمشا خان نے اپنی بہن علیشا خان کی شادی کی تقریبات میں چہرہ چھپا کر شرکت کرنے اور میڈیا کیمروں سے دور رہنے سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری قیاس آرائیوں کا جواب دیتے ہوئے وضاحت جاری کر دی ہے۔

صحافی و ٹی وی میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے رمشا خان نے واضح کیا کہ ان کے شوہر (اداکار خوشحال خان) یا سسرال کی جانب سے ان پر کسی قسم کی پابندی یا قدغن عائد نہیں کی گئی، بلکہ کیمرے کی چمک دھمک اور سوشل میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ ان کا اپنا ذاتی انتخاب ہے۔

اداکارہ کے مطابق وہ اب ایک نجی فرد (عام شہری) کے طور پر اپنی زندگی گزارنا چاہتی ہیں اور اپنی ازدواجی زندگی میں انتہائی خوش ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ لوگ ان کے اس فیصلے کا احترام کریں اور سوشل میڈیا پر ان کے نام سے کوئی ہیش ٹیگ یا فضول بحث شروع نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ رمشا خان کی بہن، سوشل میڈیا انفلوئنسر علیشا خان کی شادی کی تقریبات کے دوران رمشا اور ان کے شوہر کی غیر موجودگی محسوس کی گئی تھی، جبکہ صرف ایک تقریب میں دونوں کو ماسک اور چشمہ پہن کر انتہائی سادگی سے شرکت کرتے دیکھا گیا تھا جس پر مداحوں کی جانب سے مختلف سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔