بھارتی وزیرِ دفاع کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے؛ ترجمان دفترِ خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے مقبوضہ جامو و کشمیر سے متعلق حالیہ بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں انتہائی اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی و عالمی امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بھارتی وزیرِ دفاع کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازع کشمیر کے زمینی حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے، وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، خطے میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور بھارت کے اندرونی عدم استحکام سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔

دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت کسی بھی صورت پاکستان کے دفاعی عزم کو کمزور نہ سمجھے۔ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

ترجمان نے یاد دہانی کرائی کہ پاکستانی قوم اور افواج نے گزشتہ سال ‘آپریشن بنیان المرصوص’ کے دوران دشمن کی مہم جوئی کا بھرپور، مؤثر اور عملی جواب دے کر اپنی صلاحیت ثابت کی تھی۔

پاکستان نے عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ رویے کا فوری نوٹس لے اور اسے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہراتے ہوئے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو یقینی بنائے۔