کویت نے پاکستان کے ساتھ تاریخی دفاعی تعاون معاہدے کی باضابطہ منظوری دیدی

کویت سٹی: کویت کی حکومت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی اور عسکری شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے طے پانے والے اہم معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ کویت کے سرکاری گزٹ ’کویت الیوم‘ میں حکم نامہ نمبر 73 آف 2026 کے تحت اس کی باقاعدہ اشاعت بھی کر دی گئی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ حکم نامہ 11 جون 2023 کو کویت میں دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کی توثیق کرتا ہے۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے بین الاقوامی قوانین و ضوابط کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مسلح افواج کی تربیت، تعلیم، لاجسٹک تعاون، ماہرین کے تبادلے، سائنس و ٹیکنالوجی اور ملٹری انٹیلی جنس کے شعبوں میں ایک جامع فریم ورک قائم کرنا ہے۔

معاہدے کی پاسداری اور سالانہ حکمتِ عملی کی نگرانی کے لیے دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی مقرر کردہ ایک مشترکہ فوجی کمیٹی قائم کی جائے گی جس کا اجلاس سال میں ایک بار منعقد ہوگا۔ معاہدے کی اہم دفعات درج ذیل ہیں:

  • خفیہ معلومات کا تحفظ: تبادلہ کی گئی کلاسیفائیڈ معلومات، دستاویزات اور مواد کسی بھی تیسرے فریق کو تحریری اجازت کے بغیر فراہم نہیں کیا جائے گا اور یہ رازداری معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی برقرار رہے گی۔
  • تنازعات کا حل: کسی بھی قسم کے تنازع کی صورت میں دونوں ممالک باہمی مشاورت سے معامله حل کریں گے؛ کسی بھی تیسرے فریق یا عالمی عدالت سے رجوع نہیں کیا جائے گا۔
  • مالیاتی امور: باہمی تعاون اور میزبانی کے اصولوں کے تحت سرکاری دوروں پر آنے والے وفود کی رہائش، اندرونی سفر اور ہنگامی طبی سہولیات کے اخراجات میزبان ملک کے ذمے ہوں گے۔

دفاعی ماہرین نے اس پیش رفت کو پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک و دفاعی روابط کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔