بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ ’آپریشن العزم‘ جاری؛ 16 دہشت گرد ہلاک، ٹھکانے تباہ

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ ‘آپریشن العزم’ کے تحت بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف موثر اور بلاامتیاز کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقوں کلی کند عمرانی، خڈکوچہ اور مستونگ سمیت مختلف مقامات پر کی جانے والی کارروائیوں میں دہشت گرد تنظیم ‘فتنہ الہندوستان’ کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

فورسز نے کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے اور کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر کے وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جاری اس آپریشن میں اب تک فتنہ الہندوستان کے 16 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور روزمرہ زندگی میں امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی جانب سے یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔