سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی؛ خودکش بمبار سمیت 4 خوارج ہلاک
راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے جرات مندانہ اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک چیک پوسٹ پر ‘فتنہ الخوارج’ کی جانب سے کی جانے والی حملے کی بڑی کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران ایک خودکش حملہ آور سمیت مجموعی طور پر 4 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جولائی کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود خودکش بمبار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا اور چیک پوسٹ کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رہی۔
گاڑی کی تباہی کے بعد باقی تینوں فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سیکیورٹی اہلکاروں نے تعاقب کیا جو قریبی عمارت میں جا چھپے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے گھیراؤ کر کے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران تینوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی حاصل دیگر شرپسندوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن مسلسل جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اعادہ کیا کہ قومی ایکشن پلان اور ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت ملک سے بیرونی معاونت و سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بلا تعطل اور پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

