اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ‘فتنۃ الخوارج’ کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے اور 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات اور بروقت کارروائی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا کر ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی دفاعی اور ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز آپریشن ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی شرپسندی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گی۔
یاد رہے کہ 25 جولائی کو جنوبی وزیرستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، جسے سیکیورٹی فورسز نے حدود سے باہر ہی تباہ کر کے خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

