بھارت خود جنوبی ایشیا میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار ہے، خواجہ آصف کا راجناتھ سنگھ کو کرارا جواب
اسلام آباد: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کے متنازع اور اشتعال انگیز بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے ان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت دھونس، دھمکیوں اور سیاسی پروپیگنڈے کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی اور تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی مسلسل ناکام کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے گمراہ کن بیانات نہ تو بھارتی تسلط کے زیرِ اثر جموں و کشمیر کی بین الاقوامی متنازع حیثیت کو بدل سکتے ہیں اور نہ ہی اس سے علاقائی امن و استحکام یا مذاکراتی عمل کو کوئی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود جنوبی ایشیا میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار اور عدم استحکام کا اصل ذمہ دار ہے، جس نے اپنے توسیع پسندانہ عزائم سے پورے خطے کے امن کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کی یہ غیر ذمہ دارانہ بیان بازی دراصل مودی کی آمریت پسندانہ طرزِ حکومت، ملک میں بڑھتی ہوئی اندرونی کشیدگی اور عوامی بے چینی سے عالمی و ملکی توجہ ہٹانے کی ایک مذموم کوشش ہے۔
خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور معنی خیز مذاکرات کے لیے پرعزم ہے، لیکن اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع پر اس کا عزم حتمی اور غیر متزلزل ہے، جسے آزمانے کی غلطی بھارت کو کبھی نہیں کرنی چاہیے۔

