اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے پاکستان اور اس کے سیکیورٹی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور منفی پروپیگنڈا پھیلانے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے، جس کی ڈیجیٹل سروسز اور فنڈنگ کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے بتایا کہ گرفتار ملزم ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروسز فراہم کرتا تھا اور بوٹ فارمز (Bot Farms) کے ذریعے جعلی اور گمراہ کن مواد کو وائرل کر رہا تھا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ اس مس انفارمیشن نیٹ ورک کو چلانے کے لیے تمام تر ادائیگیاں بھارت سے کی جا رہی تھیں۔
ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اسے فراہم کیے جانے والے مواد کا زیادہ تر تعلق آزاد کشمیر میں ‘جوائنٹ ایکشن کمیٹی’ سے تھا، جس کا مقصد علاقے میں تشدد کی سیاست کو فروغ دینا، پرانی ویڈیوز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کے ذریعے جوڑ کر نفرت پھیلانا اور کشمیر کا پاکستان کے ساتھ رشتہ کمزور کرنا تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کشمیر کاز سے کوئی تعلق نہیں، اگر یہ مخلص ہیں تو الیکشن میں حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس ان شرپسند عناصر کی بھارتی فنڈنگ کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ دشمن کے اس ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کا تدارک حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان عسکری و سفارتی محاذ پر مسلسل کامیابی حاصل کر رہا ہے۔

