پاکستانی بولرز کا شاندار کم بیک، ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 311 رنز پر ڈھیر؛ محمد علی کی 4 وکٹیں

ٹاروبا: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی فاسٹ بولرز نے شاندار نظم و ضبط اور کم بیک کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 311 رنز پر آؤٹ کر دیا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے کھیل کے دوسرے دن اپنی نامکمل پہلی اننگز 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے آگے بڑھائی۔ تاہم، قومی بولنگ اٹیک نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 117 رنز کے اضافے پر ہوم ٹیم کی باقی تمام 7 وکٹیں حاصل کر لیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ 92 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ کیوم ہوج 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر بیٹرز میں شمار جوزف 23، تیجنارائن چندرپال اور عامر جینگو 21، 21 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کے علاوہ محمد عباس نے 3، خرم شہزاد نے 2 اور عامر جمال نے 1 وکٹ حاصل کی، جبکہ 33 سالہ لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان نے اس میچ سے اپنا قومی ڈیبیو کیا ہے۔