ایران کا امریکا کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لیے آمادگی کا اظہار، پاکستان کو آگاہ کردیا: عرب میڈیا

اسلام آباد: عرب میڈیا کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ وہ جنیوا، دوحہ یا اسلام آباد میں امریکا کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران کا موقف ہے کہ یہ بات چیت طے شدہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ہی آگے بڑھنی چاہیے۔ ایرانی حکام نے پاکستان کو مذاکرات کے ترجیحی نکات سے بھی آگاہ کیا ہے جس کے تحت:

  • پہلا مرحلہ: آبنائے ہرمز کی صورتحال اور سیکیورٹی پر بات چیت کی جائے۔
  • دوسرا مرحلہ: امریکا میں منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی پر غور ہو۔
  • آخری مرحلہ: ایرانی جوہری پروگرام کے معاملے کو زیرِ بحث لایا جائے۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے کوئی نئی متبادل راہداری بنانے کے کسی بھی اقدام کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

واضح رہے کہ 17 جون 2026 کو طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد سوئٹزرلینڈ میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود کے درمیان 40 سال بعد براہِ راست مذاکرات ہوئے تھے، جس کے بعد دوسرا دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہوا۔

تاہم فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کے بعد مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔ حالیہ امریکی و ایرانی بیانات کے بعد اب ایک بار پھر سفارتی سطح پر مذاکراتی عمل کو بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔