کابل ایئرپورٹ حملے کے ملزم کی گرفتاری، امریکا کا پاکستان سے تعاون پر اظہارِ تشکر

امریکی سینٹرل کمانڈ نے افغانستان میں کابل ایئرپورٹ کے ایبی گیٹ پر حملے کے مرکزی ملزم شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ وہ پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی صدر نے بھی اس ہفتے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں اس اہم گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور امریکا کا تعاون مشترکہ ہے، اور دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔