پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہ آسکا، عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ منائی جائے گی

اسلام آباد: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر آنے کی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے باعث 30 روزے مکمل ہوں گے اور عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ منائی جائے گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات، سپارکو اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد اعلان کرتے ہوئے چیئرمین نے بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، تاہم کسی بھی مقام سے چاند دیکھنے کی شرعی طور پر قابل قبول شہادت موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ 20 مارچ کو 30 واں روزہ ہوگا جبکہ عید الفطر 21 مارچ کو منائی جائے گی۔

اسلام آباد کے ساتھ ساتھ لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوئے، تاہم کہیں سے بھی قابل تصدیق شہادت سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق بعض مقامات سے موصول ہونے والی شہادتوں کو شرعی تقاضوں پر پورا نہ اترنے کے باعث مسترد کر دیا گیا۔

دوسری جانب چیف خطیب خیبر پختونخوا مولانا محمد طیب قریشی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان پر عمل کریں۔