ڈی آئی خان: انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 12 افراد شہید، 30 سے زائد زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے درازندہ میں ڈی آئی خان-کوئٹہ روڈ پر واقع انسدادِ اسمگلنگ ’امن میلہ پولیس چیک پوسٹ‘ پر بارود سے بھری گاڑی (VBIED) کے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 2 سال کے بچے اور 2 خواتین سمیت 12 افراد شہید جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق خوارج دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو جوائنٹ چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا، جہاں کسٹمز، پولیس، وائلڈ لائف اور ایکسائز کے اہلکار موجود تھے۔

شدید نوعیت کے اس دھماکے اور بعد میں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار اور شہریوں سمیت 12 افراد نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ 35 کے قریب افراد زخمی ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ دہشت گردوں اور اسمگلرز کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ریسکیو 1122 اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں مکمل کیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔