خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس آپریشنز، 34 خوارج ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 34 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ دنوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز تیز کیے گئے۔ 24 فروری کو خیبر پختونخوا میں 4 مختلف مقابلوں کے دوران 26 خوارج مارے گئے جو بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے وابستہ تھے۔

بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے قریب پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی اور مؤثر کارروائی میں ایک خوارج ہلاک ہوا جس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی۔

لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 خوارج مارے گئے جبکہ بنوں کے علاقے نرمی خیل میں 2 جھڑپوں کے دوران 10 خوارج ہلاک کیے گئے۔ میر علی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں جھڑپ کے دوران فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔