ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بلا اشتعال فائرنگ، سکیورٹی فورسز کا مؤثر جواب، افغان چیک پوسٹ تباہ
ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد پر کشیدگی، افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے طالبان کی جارحیت کو خاموش کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے بیان میں بتایا کہ افغان طالبان نے طورخم اور تیراہ کے علاقوں میں پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
ترجمان وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپیں سرحدی علاقے کے 3 مختلف پوائنٹس پر ہوئیں اور فائرنگ کا سلسلہ تقریباً 1 گھنٹے تک جاری رہا۔ پاک فوج کے تمام جوان محفوظ رہے۔
جوابی کارروائی کے دوران افغان فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ترجمان وزیراعظم کے مطابق پاکستان اپنی سرحدی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی مزید اشتعال انگیزی کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔

