اپوزیشن اتحاد کا عمران خان سے ملاقات تک احتجاج برقرار رکھنے کا اعلان

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی اور ملاقات کی اجازت ملنے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتحاد کے رہنماؤں کے مطابق احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ جب تک کسی نمائندے کی عمران خان سے ملاقات نہیں ہوتی، دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے بھی احتجاج جاری رکھنے کی تصدیق کی، جبکہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ کسی عہدیدار کی ملاقات تک احتجاج برقرار رہے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے بتایا کہ اپوزیشن اجلاس میں رہنماؤں نے ارکان کو بریفنگ دی اور مطالبہ دہرایا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج اور اہل خانہ سے ملاقات کروائی جائے، بصورت دیگر دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کے پی ہاؤس کے باہر بھی احتجاج جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ یہ احتجاج عمران خان کی ممکنہ اسپتال منتقلی اور طبی سہولیات کے معاملے پر جاری ہے اور اس کا آج چوتھا روز ہے۔ اسی دوران سامنے آنے والی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کی آنکھوں کی بینائی میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 15 فروری 2026 کو ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا جس میں دائیں آنکھ کی بینائی عینک کے ساتھ 6/9 جزوی جبکہ بائیں آنکھ کی 6/6 تک بہتر ہونے کا ذکر ہے، جبکہ مزید ٹیسٹ کی سفارش بھی کی گئی ہے۔