محسن نقوی کی سری لنکن پولیس کیلئے پاکستان میں ٹریننگ کی پیشکش

کولمبو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکا کے وزیر داخلہ و پارلیمانی امور آنند وجے پالا سے ملاقات کی جس میں داخلی سلامتی اور باہمی اشتراک کار کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غیرقانونی امیگریشن، منشیات کی اسمگلنگ، سائبر کرائم اور مالیاتی فراڈ کے خلاف روابط بہتر بنانے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پاکستان کے ہائی کمشنر سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے محسن نقوی نے سری لنکن پولیس افسران کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں تربیت کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریننگ ایکسچینج پروگرامز سے دونوں ممالک کی سیکیورٹی فورسز کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور انسداد جرائم کے اقدامات مزید مؤثر بنیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے سری لنکن ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا، جبکہ سری لنکن وزیر داخلہ نے باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

بعدازاں محسن نقوی نے سری لنکا کے وزیر کھیل سے ملاقات کی جس میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں میں تعاون بڑھانے اور تبادلوں کے پروگرامز کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔