راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے جیل میں علاج اور صحت سے متعلق ابتدائی رپورٹ ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب کو ارسال کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بلڈ پریشر، شوگر لیول، کولیسٹرول اور آنکھوں کے معائنے سے متعلق تفصیلی چارٹ شامل ہے جبکہ کنسلٹنسی رپورٹس اور میڈیکل اسٹاف کی معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ ماہر ڈاکٹروں کی پانچ رکنی ٹیم نے کیا، جس نے تقریباً ایک گھنٹے تک مختلف ٹیسٹ اور آنکھوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ٹیم موبائل میڈیکل لیب اور ضروری آلات کے ساتھ پہنچی تھی جبکہ معائنہ دو رکنی میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں کیا گیا۔
خیال رہے کہ آن ڈیوٹی ڈاکٹرز روزانہ تین مرتبہ طبی معائنہ کرتے ہیں اور اس کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق معائنے کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور حکومتی پیشکش کے باوجود پارٹی قیادت کی موجودگی نہ ہونے پر ڈاکٹروں نے معائنہ مریض کی رضامندی سے شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مکمل رپورٹ جلد حکومت کو پیش کردی جائے گی جبکہ ہوم ڈپارٹمنٹ نے پہلے ہی اس حوالے سے تفصیلی معلومات طلب کی تھیں۔
یہ پیش رفت راولپنڈی میں جاری قانونی و انتظامی معاملات کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

