وفاقی حکومت کا بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو صحت کی بنیاد پر اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کے مطابق حکومت نے انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے، جبکہ ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور صحت جیسے حساس معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے اور ان کی صحت کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے انہیں اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان تحریک انصاف بے بنیاد پروپیگنڈا اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرے اور معاملے کو قومی سنجیدگی سے دیکھا جائے۔

رپورٹس کے مطابق حکومتی اعلان سے پہلے بھی اس معاملے پر پیش رفت جاری تھی، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ علاج اور سہولیات سے متعلق اقدامات قانون اور انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔